اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ) وزیر اعظم عمران خان کو ایمنسٹی سکیم کے معاملہ پر شکایات موصول ہو گئیں، کمپنیوں اور چیمبرز کے عہدیداروں نے تکینکی تجاویز پیش کر دیں۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق کمپنیوں اور چیمبرز کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ایمنسٹی کے بارے میں نیب کے قانون میں ترامیم لائی جائیں، فی الحال نیب کے قانون میں ایمنسٹی ڈیکلیئریشن کو چھوٹ حاصل نہیں، نیب کسی بھی وقت ان ڈیکلئریشنز کو انکوائری کی بنیاد بنا سکتا ہے ۔ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی سکیم کی آخری تاریخ میں توسیع مسئلے کا واحد حل نہیں۔ نیب اور اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے جے آئی ٹی بھی بہت بڑا مسئلہ ہے ۔ ایمنسٹی کی ڈیکلئریشن کو جے آئی ٹی سے بھی چھوٹ حاصل نہیں، اسلئے کمپنیاں اور سرمایہ کار اور تاجر شک اور خوف میں مبتلا ہیں۔