اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے 30 جون کے بعد ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہاہے کہ ایمنسٹی سکیم اور ٹیکس ریٹرنز کی تاریخ میں توسیع سے بھی جو فائدہ نہ اٹھائے ، اسے کوئی رعایت نہیں دیں گے ۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں حکومت کی اقتصادی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور وزارت خزانہ کے حکام نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں 11 جون کو پیش کئے جانے والے بجٹ کے خدوخال پر مشاورت کی گئی اور ایف بی آر نے ایمنسٹی سکیم پر اب تک ہونے والی پیشرفت پر وزیراعظم کو بریفنگ دی جبکہ ٹیکس ریٹرنز کی تاریخ میں توسیع اور حکومت کو ملنے والے ٹیکس ریونیو پر وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے بریف کیا۔ذرائع نے بتایا کہ دورانِ اجلاس وزیراعظم نے اقتصادی ٹیم سے سوال کیا کہ بڑے مگرمچھوں کو ٹیکس نیٹ میں کیسے لایا جائے ؟ صرف تنخواہ دار طبقہ ہی کیوں ٹیکس دے ؟ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے 30 جون کے بعد ٹیکس چوروں کے خلاف کریک ڈائون کاعندیہ دیتے ہوئے کہا ایمنسٹی سکیم اور ٹیکس ریٹرنز کی تاریخ میں توسیع سے بھی جو فائدہ نہ اٹھائے ، اسے کوئی رعایت نہیں دیں گے ، ٹیکس چوروں کو پکڑنے کیلئے تمام ادارے حکومت کے ساتھ ہیں۔