لاہور (سٹاف رپورٹر، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا ہے ساری قوم کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ایٹمی دھماکے راجہ ظفر الحق، گوہر ایوب اور میں نے کئے ۔ نواز شریف سمیت ساری کابینہ ایٹمی دھماکے کے خلاف تھی۔ادھرمسلم لیگ ن کے سینئر رہنما راجہ ظفر الحق کا کہنا ہے شیخ رشید کا دعوی غلط ہے ، ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ سابق وزیراعظم نواز شریف کو جاتا ہے ۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا ایٹمی دھماکوں کے وقت میری ڈیوٹی ایسی تھی کہ مجھے باہر جانا پڑا ، یہ ملکی راز ہے جوراز ہی رہنا چاہئے ، ڈاکٹر عبدالقدیر کے مسئلے پر میں وہ واحد آدمی تھا جو ایران بھی گیا اور قذافی سے بھی میں ہی ملنے گیا تھا۔آئندہ 90 روز اہم ہیں جن میں6اہم چیزیں ہونی ہیں۔ شریفوں ، گیلانیوں اور زرداریوں نے جس طرح ملک لوٹا ہے عمران خان کے بیانیے پر عمل ہوکر رہے گا، کرپٹ عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا، قوم عمران خان سے توقع رکھے کہ وہ آٹا چوروں اور چینی چوروں کے خلاف کارروائی کریں، میں عمران خان کا ساتھی ہوں ،تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا کیس سنجیدہ نوعیت کا ہے ، جی کا جانا ٹھہرگیا ہے ۔جب سے میں پیدا ہوا ہوں میرے پیچھے ایجنسیاں لگی ہوتی ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوئی تو یہ آخری ہوگی،قوم چین کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ادھر راجہ ظفر الحق نے شیخ رشید کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا نوازشریف سے ایٹمی دھماکوں کاکریڈٹ چھینانہیں جاسکتا، نوازشریف کی مرضی کے بغیردھماکے نہیں ہوسکتے تھے ، یہ بات کرنے کی ضرورت نہیں تھی لیکن اس لئے کررہا ہوں تا کہ آئندہ آنے والی نسلوں کو معلوم رہے ۔ راناثنااللہ نے کہامشکل وقت میں وفاداری بدلنے والے ایٹم بم کاکریڈٹ لے رہے ہیں۔ عمران خان اورشیخ رشیدکی مشترکہ نشانی جھوٹ،ابن الوقتی اوریوٹرن ہے ۔میڈیا سے درخواست ہے کہ قوم کو وہ وڈیو کلپ دکھائے جائیں جس میں شیخ رشید نے ایٹمی دھماکوں سے قبل بھاگ جانے کا جرم قبول کیا تھا۔ پنڈی کا شیطان رمضان میں کھلا رہا اورعید کے بعد بھی شیطان کو کھلی چھٹی ہے ۔ قوم کے آٹا چینی چور نیازی، خسرو اور ترین کرپٹ مافیا ہیں۔