لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کی جانب سے این او سی جاری کیے جانے کے بعد فیصل اقبال کو ایک بار پھر نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سے قبل بلوچستان کی ٹیم کو جوائن کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ مریدکے سنٹرل اسٹیشن پر سیلف آئسولیشن میں موجود سابق ٹیسٹ کرکٹر آج دوبارہ اپنی ٹیم کو جوائن کرلیں گے ۔ تیس ستمبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بلوچستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ یکم اکتوبر کو سندھ کے خلاف کھیلے گی۔جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی جنید ضیاء کا کہنا ہے کہ پی سی بی خوش ہے کہ فیصل اقبال نے ایک اہم ٹورنامنٹ سے قبل ایک حل طلب معاملے کو نمٹالیا ہے ۔ہم پرامید ہیں کہ فیصل اقبال اب کام پر توجہ دیں گے اوربھرپور انداز میں بلوچستان کرکٹ ٹیم کی معاونت کریں گے ۔