لاہور(خصوصی نمائندہ)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت این اے 129اور پی پی158کیلئے ساڑھے 39کروڑ روپے کے منصوبوں کی منظوری دیدی۔ ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ ساڑھے سولہ کروڑ روپے ضرار شہید روڈ ، 13کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی کام مکمل جبکہ گلیوں و سڑکوں کی کارپیٹنگ،پیچ ورک،واٹر فلٹریشن پلانٹس،واسا کے مختلف منصوبوں اور سیوریج پر 10کروڑ روپے خرچ ہوں گے ۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کو بتایاگیا کہ اب تک گلستان کالونی، شاہ جمال، احاطہ مول چند،میاں میر کالونی، گوندی پیر،فاضلیہ کالونی،بستی سیدن شاہ، باجا لائن اور ریلوے کالونی کے علاقوں میں مقامی ترقیاتی منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں جنہیں معیاری کام کے ساتھ کم خرچ لاگت سے مکمل کیا گیا ہے ۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے ان ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف محکموں کے لئے لگائے گئے فوکل پرسن کو ہدایت کی کہ وہ مقامی لوگوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسی ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کریں جن کا زیادہ سے زیادہ فائدہ عام آدمی اور اس علاقے کو پہنچ سکے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام کو سیاسی سرگرمیوں کی نہیں ترقی و خوشحالی کی ضرورت ہے ۔