اسلام آباد،لاہور (سپیشل رپورٹر ،جنرل رپورٹر ، 92 نیوزرپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی)کے خدمت اور قومی کاوش کے 100روز گزشتہ روز مکمل ہوگئے ۔تمام صوبوں نے عزم و ہمت کے نام سے دن منایا ۔ شہر شہر ،قریہ قریہ کورونا کیخلاف قومی عزم کا اعادہ کیا گیا اور انسداد کورونا جنگ میں قوم کے مسیحاؤں اور کمانڈ سنٹر کو سلام پیش کیا گیا۔ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کا ڈیٹا مرتب کرنے اور دیگر اقدامات کرنے کے سلسلے میں قائم قومی کمانڈ آپریشن سنٹر کو 100 روز مکمل ہو گئے ۔این سی او سی نے کورونا کا بہادری اور عقلمندی سے مقابلہ کرنے پر قوم، بالخصوص ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کوخراج تحسین پیش کیا، ادارے کی جانب سے کہا گیا کہ ہیلتھ کیئر ورکرز نے وبا کے دوران جرات و بہادری سے فرائض انجام دیے ۔این سی او سی کے 100روز مکمل ہونا اس بات کی بھی علامت ہے کہ ہنگامی امدادی عملہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صحتمند پاکستان کے سفر میں شریک ہیں۔ آئی ایس پی آرنے کمانڈسنٹرکے 100دن کی تکمیل پردوخصوصی ویڈیوزتیارکیں۔وزیراعظم نے کمانڈسنٹرکے دورے کے دوران ویڈیوزدیکھیں۔پہلی ویڈیومیں پاکستان کی کورونا کیخلاف جنگ کواجاگرکیاگیا،ویڈیومیں انسانیت کیلئے خدمات دینے والے عظیم ڈاکٹرزکوخراج تحسین پیش کیاگیا۔دوسری ویڈیوکوروناکیخلاف 26فروری سے ابتک کی کامیابیوں پرمبنی ہے ویڈیوز کا مقصد کورونا کیخلاف پاکستان کی استعدادکارمیں بتدریج بہتری سے آگاہ کرناہے ۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے فرنٹ لائن ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا ۔ڈاکڑرز، نرسز، پیرامیڈیکل، لیبارٹری سٹاف، پولیس اور انتظامی افراد کو تعریفی اسنداد اور گلدستے پیش کیے ۔ بیرسٹر نبیل اعوان اور کیپٹن (ر) عثمان نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور فرنٹ لائن ورکرزکے عزم کو سلام پیش کیا ۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرنے میو ہسپتال کے آئی سی یو اورکورونا وارڈز، کیپٹن(ر)عثمان نے کورونا ٹیسٹنگ لیب کا دورہ کیا ،عملے کی خدمات پر تعریفی کلمات ادا کیے ۔کیپٹن(ر) عثمان نے کہا وباکے دوران شہید عملے اور ڈاکٹرزکی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔