لاہور،پاکپتن(نیوز رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر) اینٹی کرپشن پنجاب کی کارروائی ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ سمیت 4 سروس سینٹر اہلکاروں کو گرفتار کر لیا سابقہ اے ڈی ایل آر ٹیکسلا اور موجودہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ فتح جنگ اللہ دتہ کو سٹاف سمیت گرفتار کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 7 کنال 12 مرلہ زمین جعل سازی سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کو بیچ دی ۔لینڈ ریکارڈ سینٹر ٹیکسلا کے افسر اور عملہ نے ملکر اصلی مالک کو زمین سے محروم کیا۔ ملزموں نے سوسائٹی سے جعل سازی کے لاکھوں بٹورے ، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اٹک اور سرکل افسر ذوالفقار بازید نے کامیاب کارروائی کرکے ملزمان کو گرفتار کیا۔ دریں اثنا کروڑوں کے اثاثہ جات بنانے کے الزام میں محکمہ اینٹی کرپشن کی اہم پیش رفت، دو پٹواری بھائیوں سے خاندان کے تمام اثاثہ جات کا ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔ اینٹی کرپشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اعتزاز منیر گوندل نے بدھ کو کاہنہ نو کے ایک ہی پٹوار خانے میں تعینات دو پٹواری بھائیوں عبدالرشید طیب میو اور عارف میو کے خلا ف سجاد حسین کی درخواست پر سماعت کی۔ اینٹی کرپشن نے کاہنہ نو کی سرکاری اراضی کو پرائیویٹ ہاوسنگ سکیموں میں شامل کرنے اور غیر قانونی طریقہ سے فردیں جاری کرنے کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے ۔دوسری طرف اینٹی کرپشن پنجاب نے قبضہ مافیا کے خلاف بڑی کاروائی کرتے ہوئے کروڑوں کی زمین واگزار کرالی۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب کی ہدایت پر اینٹی کرپشن پاکپتن نے قبضہ گروپ سے 496 کنال زرعی اراضی واگزار کرا لی ۔ زمین کی مالیت 15 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے ۔واگزار کرائی گئی زمین فیڈرل لینڈ کمیشن کی ملکیت تھی۔کارروائی ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ساہیوال اشفاق رحمان کی نگرانی میں ڈپٹی ڈائریکٹر رانا فواد احمد نے پولیس اور محکمہ مال کے ساتھ مل کر کی اس زمین پر سردار سلطان ، علی حسن ، عثمان اور قاسم علی وغیرہ پر مشتمل قبضہ گروپ سالہا سال سے قابض تھا۔