لاہور(نیوز رپورٹر)محکمہ اینٹی کرپشن نے گزشتہ روز محکمہ مال کے دو پٹواری، دو منشی اور ایک مفرور اشتہاری کو گرفتارکرکے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کی ہدایات پر پٹواریوں کی معاونت پر دو منشی بھی گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ عدالت کے احکامات کے بعد پٹواری منشی نہیں رکھ سکتے ۔رحیم یار خان سے شوکت پٹواری اور منشی شہزاد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ملزمان کو پچیس ہزار روپے رشوت وصول کرتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ملزمان کو سرکل آفیسر رحیم یار مان نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے ساتھ ٹریپ ریڈ کر کے گرفتار کیا ۔جبکہ سرگودھا سے معظم پٹواری اور منشی محمد اصغر کو گرفتار کیا گیا۔ معزم پٹواری سے رشوت کے چار ہزار برآمد کر لئے گئے ۔ملزمان کو سرکل آفیسر سرگودھا نے مجسٹریٹ کے ساتھ ٹریپ ریڈ کرکے گرفتار کیا۔ اسی طرح لاہور ریجن بی نے جعلساز اور اشتہاری ملزم خلیل الرحمن کو گرفتار کر لیا۔ملزم نے جعلسازی سے اپنی والدہ کی قیمتی جائیداد فروخت کی تھی۔ دریں اثناہ اینٹی کرپشن پنجاب نے بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد میں بوگس بلوں کے ذریعے 75لاکھ کی رقم خوردبرد کرنے کے الزام میں 5ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کر کے 4ملزموں عمیر اشرف، محمود اختر، عبدالشکور کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مرکزی ملزم وقاص کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔