ملتان،اسلام آباد،سری نگر (سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حریت رہنماسیدعلی گیلانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، ذرائع کے مطابق ٹیلیفونک رابطے میں مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا، شاہ محمود قریشی نے سید علی گیلانی کی خیریت دریافت کی،وزیرخارجہ شاہ محمود کی جانب سے قابض بھارتی فورسز کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہارکیاگیا، سیدعلی گیلانی نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پرپاکستان کے کردارکی تعریف کی اورپاکستانی موقف کو سراہا، لندن میں کشمیرکانفرنس اوراقوام متحدہ انسانی حقوق کمشنرکی رپورٹ پربھی گفتگوکی گئی، برطانوی پارلیمانی گروپ کی کشمیرسے متعلق رپورٹ بھی زیرغورآئی،وزیرخارجہ نے یوم یکجہتی کشمیر پر4اور5فروری کی تقریبات سے آگاہ کیا۔ادھربھارتی وزیراعظم مودی آج مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں گے قابض فوج نے چھاپہ مار کارروائیوں میں کئی افراد کو گرفتار جبکہ میر واعظ سمیت اہم حریت قیادت کو نظر بند کردیا ، حریت قیادت نے آج مکمل ہڑتال کی کال دے رکھی ہے ۔سرینگر کے مختلف علاقوں حید رپور، نوہٹہ اور مائسمہ میں بھی گرفتاریوں کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے اور بھارت مخالف نعرے لگائے گئے ۔دریں اثناوزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہاہے کہ مودی کے دورہ کشمیر کے موقع پر حریت رہنماؤں کی گرفتاریاں بھارت کی گھبراہٹ آشکار کرتی ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیویٹر پر اپنے ایک ٹیویٹ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کشمیریوں کی مسلسل شہادتیں اور گھروں پر چھاپے بھارتی دعوؤں کو جھوٹ ثابت کرتے ہیں، بھارتی فورسز کی طرف سے شہریوں کے گھروں کے محاصروں اور نظر بندیوں میں اضافہ ہوا ہے ، ایسے ظالمانہ اقدامات کشمیریوں کی حق خوداردیت کی جدوجہد کو دبا نہیں سکتے ۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارا ہندوستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں، وہ اپنے معاملات پاکستان پر نہ ڈالے ، انڈیا میں جو بھی حکومت آئیگی اگر وہ پاکستان کے ساتھ ٹھیک ہوگی تو ہم بھی اس کے ساتھ ٹھیک چلیں گے ، میں نے اگر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے میر واعظ عمر فاروق سے رابطہ کیا ہے تو اس میں ایسی کوئی بات نہیں، برطانیہ کے ہائوس آف کومنز کے آل پارٹیز پارلیمانی گروپ کی جانب سے کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف منعقدہ عالمی کانفرنس میں پاکستان کا موقف بھرپور طریقے سے پیش کرتے ہوئے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کو دکھائیں گے ،جمہوریت ، اٹھارویں ترمیم اور ملک کے آئین کو کئی خطرہ نہیں ،سندھ میں بلاول زرداری کو لانگ مارچ کی ضرورت نہیں، سندھ حکومت کو تحریک انصاف کی حکومت سے نہیں بلکہ اپنی ناقص حکمرانی اور بدعنوانی سے خطرہ ہے ، پاکستان میں فیصلہ کن قوت صرف اور صرف عوام ہیں اور عوام نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیدیا ، صحافیوں کا کام حکومت بنانا گرانا نہیں بلکہ رپورٹنگ کرنا ہے ،گزشتہ چند ماہ میں سفارتی سطح پر بے شمار کامیابیاں حاصل کیں ، 19فروری کو سعودی عرب کے ولی عہد پاکستان تشریف لا رہے ہیں، ڈالر کی قدر میں اضافہ ہونے کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ ہوا، کچھ قوتیں چاہتی ہیں جنوبی پنجاب صوبہ نہ بنے ،تحریک انصاف جنوبی پنجاب صوبے کو سیاست کی نظر نہیں ہونے دیگی۔