لاہور(نامہ نگار خصوصی ) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف کے خلاف لاہورہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر کر دی گئی جس میں سابق وزیر اعلی کے خلاف ڈولفن فورس کی تشکیل میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کرانے کی استدعا کی گئی ہے ۔ آصف محمود ایڈووکیٹ نے درخواست میں پنجاب حکومت، نیب حکام ،شہباز شریف اور دیگر کو فریق بناکر موقف اختیار کیا ہے کہ سابق وزیر اعلی نے ڈولفن فورس کی تشکیل میں کرپشن کر کے کمیشن کھایا،فورس تشکیل دیکر قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایاگیا، فورس کی موٹر بائیکس، ہیلمٹ اور ہتھیار مارکیٹ سے مہنگے داموں خریدے گئے جبکہ اس سے جرائم کم ہونے کی بجائے بڑھے ہیں، ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا،شہباز شریف کے خلاف نیب کو تفتیش کرنے اور ڈولفن اہلکاروں سے جدید ہتھیار واپس لینے اور چھڑی اور الیٹرک راڈ دینے کا حکم دیا جائے ۔ پٹرول پمپ مالکان نے ہیلمیٹ کے بغیر پٹرول نہ دینے کے احکامات کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا اورسنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کردی۔ پٹرول پمپ مالک عرفان بشیر نے یاسر اسلم چودھری ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر اپیل میں لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کو آئین کے متصادم قرار دیا۔ اپیل میں مزید کہا گیا کہ ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے والوں کو پٹرول فروخت نہ کر کے پٹرول پمپس مالکان کا اپنا نقصان ہو رہا جو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم کاہلوں نے سی ای او قومی ائر لائن ائیر مارشل ارشد ملک کی تقرری کیخلاف دائر درخواست کل سماعت کیلئے مقرر کر دی۔