نئی دہلی( ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع گونڈا میں واقع گائوں جگدیش پور کاترا ایک دور میں انتہائی غربت کا شکار تھا مگر پھر اس گائوں کا ایک شخص روزگار کے لیے متحدہ عرب امارات چلا گیااور اس نے ایسا کام کیا کہ اب اس گائوں پر دینار، ین، ڈالر اور نجانے کس کس غیرملکی کرنسی کی بارش ہو رہی ہے ۔ خلیج ٹائمز کے مطابق گائوں سے بیرون ملک جانے والے اس شخص کا نام دیپن سنہا ہے جس نے سافٹ ویئر انجینئرنگ کی اور امارات چلا گیا۔ دیپن سنہا نے خود دبئی میں سیٹ ہونے کے بعد ایک ایک کرکے گائوں کے لوگوں کو دیگر ممالک میں ملازمت کے لیے بھجوانا شروع کر دیا اور اب اس گائوں کے 30سے زائد لوگ متحدہ عرب امارات، امریکہ، ملائیشیا، شام، سعودی عرب اور دیگر کئی ممالک میں ملازمتیں کر رہے ہیں اور گاؤں کے لوگوں کا معیار زندگی قابل رشک ہو چکا ہے ۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ دیپن سنہا کا نام اردگرد کے اضلاع میں مشہور ہو چکا ہے اور وہ لوگوں کے لیے ایک رول ماڈل بن چکا ہے ۔