لاہور؍ سیالکوٹ(وقائع نگار؍ڈسٹرکٹ رپورٹر؍ این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ ایک ملزم کے لئے وزیرِ اعلیٰ سندھ کا طیارہ استعمال ہوا، کیا ملزم سرکاری طیاروں کی سہولتیں اٹھاتے رہیں گے ؟مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے ہمنوائوں کا وزیر اعظم عمران خان سے متعلق ڈیڈ لائن دینا اپوزیشن کی منفی سوچ کا عکاس ہے ، سیاسی یتیموں کا ٹولہ سیاسی محاذ پر زندہ رہنے کے لئے چٹکلا چھوڑتا رہتا ہے ، جنہیں عوام نے مسترد کردیا وہ حکومت گرانے کی باتیں کرتے ہیں، حکومت نے نواز شریف کو میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں علاج معالجے کی اجازت دی تھی،لندن کے محلوں میں سیاسی باتیں کر رہے ہیں۔ ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا عمران خان اپوزیشن کی کرپشن کے سامنے سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔انہوں نے کہا سانحہ لاہور میں جن کی اموات ہوئیں ،ان کے لواحقین کو 10،10لاکھ روپے دیئے گئے ہیں، ہسپتال کو ہنگامی بنیادوں پر دوبارہ فعال کیا ہے ،ڈاکٹرز اور طبی عملے کے تحفظ کیلئے بل پنجاب اسمبلی میں لایا جا رہا ہے ۔پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے زیر اہتمام ا لحمراء ہال میں تحصیل عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاعمران خان قائداعظم کا نظریہ لیکر لٹیروں کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔تقریب سے پی ٹی آئی کے مرکزی چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی نے اپنے خطاب میں کہا پارٹی میں کسی قسم کی گروپ بندی برداشت نہیں کی جائے گی۔پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے صدر اعجازاحمدچودھری نے اپنے خطا ب میں کہا 20 فروری کے بعد تمام تنظیموں کا جائزہ لیں گے ۔علاوہ ازیں فردوس عاشق نے ایک ٹویٹ میں عوام سے اپیل کی ہے کہ انسدادِ پولیو مہم کے ذریعے اس موذی مرض پر قابو پانے میں کردار ادا کریں۔