لاہور،ساہیوال(علی ارشد،ڈسٹرکٹ رپورٹر)لاہور بورڈ کے دونوں اول پوزیشن ہولڈرز میں سے ایک طالبعلم یتیم ہے جبکہ دوسرا گوشت فروش کا بیٹا نکلا،بیشتر پوزیشن ہولڈرز نے ڈاکٹر بننے کی خواہش ظاہر کردی۔لاہور بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے علی پبلک بوائز ہائی سکول رحمان پورہ کے طالبعلم توصیف افضل کے والد محمد افضل نے روزنامہ 92 نیوز کو بتایا میری گوشت فروخت کرنے کی دوکان ہے ، بیٹے نے تمام تر تعلیم سکالر شپ حاصل کر کے مکمل کی،پوزیشن حاصل کرنا باعث فخر اور اعزاز ہے ، بیٹا پہلے روز سے ہی سخت محنت کا عادی ہے ، بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے ہر ممکن کو ششیں کروں گا۔جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور سے تعلق رکھنے والے دوسرے اول پوزیشن ہولڈر اورپنجاب دانش سکول فار بوائزکے طالبعلم وسیم یاسین کے بڑے بھائی ندیم نے کہاوالد کا انتقال 11 سال قبل ہوا ،ہم چار بہنیں اور 6 بھائی ہیں،میں موٹر مکینک ہوں، وسیم یاسین 5 ویں کلاس سے پو زیشن ہولڈر ہے ،کامیابی ماں کی دعائوں کے بعد اسکی اپنی محنت کا ثمر ہے ،دانش سکول کے باعث ہمارا بچہ اس مقام پر پہنچا ۔سیکنڈپوزیشن ہولڈر ہاشم فیصل نے کہا مستقبل میں ڈاکٹر بننا چا ہتا ہوں ،پیپر اچھے ہو ئے تھے ، سکول اور اکیڈمی میں تیاری کی،پوزیشن کے لیے پر اعتماد تھا، والد پلمونالوجسٹ ہیں ۔ دوسرے نمبر پر آنے والی غازی آباد لاہور کی طالبہ وجیہہ اسلم سے رابطہ نہ ہو سکا۔ تھرڈ پوزیشن ہولڈر قصور کی طالبہ حفصہ سلیم نے کہا کامیابیوں میں والدین اور اساتذہ کی محنت اور دعائیں شامل ہیں،سافٹ وئیر انجئینر بنوں گی،محنت کر کے پو زیشن حاصل کرنا اور اس پوزیشن کو بر قرار رکھنا اصل کامیابی ہے ،شہباز شریف کی تعلیم کے حوالے سے پالیسیوں اور اقدامات سے بے حد مطمئن ہوں،میرے والد موبائل فون کا کا روبار کر تے ہیں۔ساہیوال بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم محمد احسن نے کہا مستقبل میں ڈاکٹر بنوں گا،سیکنڈ پوزیشن ہولڈرشفیع المحسن نے کہاڈاکٹر بن کر ملک و قوم کی خدمت کرونگا۔