اسلام آباد(صبا ح نیوز)حکومتی اعلانات اور کروڑوں روپے کی اشتہاری مہم کے باوجود آج ہونے والے عام انتخابات میں ایک کروڑ سے زائد خواتین اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کرسکیں گی۔ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد میں فرق ختم نہ کرسکا اور 80 لاکھ خواتین کے شناختی کارڈز بھی نہیں بن سکے ہیں۔2013 کے عام انتخابات میں مرد اور خواتین رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں ایک کروڑ نو لاکھ 95 ہزار 142 کا فرق تھا۔ آج ہونے والے عام انتخابات میں یہ فرق ایک کروڑ 24 لاکھ تک ہوگا۔سب سے زیادہ صنفی فرق پنجاب میں 66 لاکھ 87 ہزار116، سندھ میں 24 لاکھ 82 ہزار 444، خیبر پختونخوا میں 20 لاکھ 95 ہزار 363، بلوچستان میں چھ لاکھ 72 ہزار 966، فاٹا میں پانچ لاکھ پانچ ہزار650 اور اسلام آباد میں 49 ہزار578 ہے ۔