اسلام آباد(خبر نگار)مقدمہ کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل سے ان کے گھر میں ملاقات کی کوشش کرنے والے توہین عدالت کے ملزم کی غیر مشروط معافی عدالت عظمیٰ نے منظور کرکے ان پر ایک لاکھ روپیہ کا جرمانہ عائد کردیا ۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے مقدمے کے سلسلے میں جج تک رسائی کے معاملہ پر سماعت کرتے ہوئے ملزم کامران بنگش پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور آبزرویشن دی کہ ایک سائل نے اپنے مقدمے کیلئے جج کو گھر پر اپروچ کرنے کی جرات کیسے کی ۔جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل نے سائل کامران بنگش کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں عدالتیں انصاف نہیں کرتیں ؟۔ملزم نے اپنے طرز عمل پر معافی کی استدعا کی اور کہا کہ میں چاہتا تھا کہ کیس کا فیصلہ صرف میرٹ پر ہی ہوجائے ۔جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل نے کہا کہ یہاں سے آپ کو سیدھا جیل بھیجیں گے تومیرٹ پر فیصلے کا معلوم ہو جا ئیگا۔ اس موقع پر کامران بنگش کی طرف سے ان کے وکیل نے پیش ہوکر غیر مشروط معافی کی استدعا کی اور کہا کہ ان کا موکل بچہ ہے غلطی پر میں عدالت سے معافی مانگتا ہوں۔ کامران بنگش کے والد نے بھی معافی کی استدعا کی جس پر عدالت نے غیر مشروط معافی منظور کرکے درخواست گزار کو فوری ایک لاکھ جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ۔عدالت نے اپنے آرڈر میں لکھا کہ ملزم نوجوان ہے اسکے مستقبل کو دیکھتے ہوئے توہین عدالت کی کاروائی نہیں کی جا رہی اور ملزم کی غیر مشروط معافی قبول کی جاتی ہے لیکن ملزم کو ایک لاکھ روپے جرمانہ ایدھی فاؤنڈیشن میں جمع کروانا ہوگا۔ملزم کے والد نے ایک لاکھ جرمانہ کی رقم عدالت میں جمع کرا دی جس پر عدالت نے انھیں جانے کی اجازت دی ۔عدالت نے کنٹونمنٹ سکولوں کے اساتذہ کو مستقل کرنے کے فیصلے کے خلاف زائد المیعاد اپیل دائر کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی اپیل خارج کردی ہے ۔دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے ریما رکس دیے کہ سرکاری مقدمات میں غفلت سے کام لیا جاتا ہے اور ذمہ داری عدالتوں پر ڈل دی جاتی ہے ۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایک کلرک حکومت کے اربوں کے کام کو خراب کر دیتا ہے ۔سپریم کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف نیب ریفرنسز اسلام آباد سے کراچی منتقل کرنے کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کرد یئے اور معاملہ دو ہفتے کے اندر کھلی عدالت میں سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کی۔عدالت نے سابق ایم ڈی پی ایس او امجد پرویز کے اضافی تنخواہ لینے کیخلاف اپیل مسترد کردی ۔ سپریم کورٹ نے مری شہر میں تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے انسدد تجاوزات کمیشن کو سٹاف اور سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ تین رکنی بینچ نے تجاوزات کمیشن کو ہدایت کی کہ متاثرین کو سن کر اپنی رپورٹ مرتب کرکے جمع کرائے ۔ رپورٹ آنے تک کسی کی پراپرٹی نہیں گرائی جا ئیگی۔سپریم کورٹ نے گن اینڈ کنٹری کلب کی عبوری انتظامیہ کو 3 ماہ میں کلب کے قواعد اور بزنس سٹرکچر بنانے کا حکم دیا ۔