مجھے آج وہ بابا جی یاد آرہے ہیںجو جامع مسجد میں نمازیوں کو عطر لگایا کرتے تھے۔۔بھئی بظاہر بھلا سا لیکن کیا وحشت ناک انداز تھا اُن بابا جی کا۔۔یہ تذکرہ ہمارے سابقہ محلّے کا ہے جہاں ہم کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے۔ اب سچ پوچھئے تو اس محلے کو چھوڑنے کا سبب بھی یہی نیک سیرت مردِبزرگ ہی تھے۔ محلے کے بیچ میں جامع مسجد واقع تھی جہاں ہم جمعہ پڑھنے کے لئے حاضر ہوتے۔یہ بزرگ بڑی باقاعدگی سے وہاں تشریف لاتے۔ان کے پاس ہمیشہ رنگین کڑھائی داررومال میں لپٹی ایک چھوٹی سی عطّرکی شیشی ہوتی۔یہ صاحب مسجد کے اندرونی مرکزی دروازے پر تشریف رکھتے۔اپنے چوغے کی سینے والی اندرونی لمبی جیب سے رومال نکالتے، اس کی پرتیں بڑی احتیاط سے کھولتے،شیشی میں پلاسٹک کا ’’ سُرمچو‘‘ ڈالتے اور اس کا اگلا کونا عطر میں ڈبو کر باہر نکالتے اور پھر آنے والے خوش نصیب نمازی کے دائیں ہاتھ کی پُشت پر وہ عطر لگاتے اور اُسے معطّر ہاتھ کو اپنے سینے اور ملحقہ علاقے پر پھیرنے کو کہتے۔اور بسا اوقات تو وہ خود ہی اس نمازی کا عطر لگا ہاتھ بڑی سختی مروڈتے ہوئے پیچھے لے جاتے اور اُس کے سینے اور گردن وغیرہ پر پھیر دیتے ۔ ہاتھ پھرتے ساتھ ہی خوشبو کی ایک لپٹ اُٹھتی۔اس پر وہ صاحب اس نمازی کی طرف تحسین طلب نظر سے دیکھتے۔اُس وقت اُن کا انداز بالکل ایسے ہوتا جیسے کہنا چاہ رہے ہوں ،’’ یہ عطر کی ایک سلائی تمہیں نہیں دی ۔بس یوں سمجھو کسی بڑے قیمتی خزانے کی چابی تھما دی ہے ۔‘‘ بابا جی کے اس عطر میں اور بھی کوئی خوبیاں ہوں گی !لیکن میرے نزدیک اس کے تین خصائص ایسے تھے جو اسے دوسرے عطریات سے ممتاز کرتے تھے اور آج تک کسی اور میں نہیں مِل سکے۔۔ایک تو یہ نہایت بد بودار تھا۔ دوسرے یہ انتہائی تیز تھا !بالکل کسی منہ پھٹ ، بدتمیز مراثی کی طرح جسے اک ذرا چھیڑئیے تو اس کی آواز دوسرے محلے میں بھی سنائی دے۔تیسرے اس کا اثر بے حد دیر پا ہوتا! یعنی ایک جمعے لگایا جاتا تو اگلے جمعے کو بھی اس لباس سے خوشبو کے ’’بھبھکے ‘ ‘ اسی طرح اُٹھ رہے ہوتے اور بندہ آسانی سے جھوٹ بول سکتا تھا کہ ابھی لگایا گیا ہے۔ ان خصائص پر مستزاد مولانا صاحب کاوہ اہتمام و انصرام تھا جس کا مُظاہرہ وہ عطر لگاتے وقت کرتے تھے۔انہی دنوں ایک روز میں بھی کہیںمسجد میں داخل ہوا ۔مولوی صاحب نے ’’عطّرِکم یاب‘‘ کی سلائی بھری، میرے دائیں ہاتھ کی پُشت پر لگائی اور اُسے ایک جھٹکے سے مروڑتے ہوئے پیچھے سینے کی طرف لے کر آئے۔میری چیخ نکلتے نکلتے رہ گئی۔تندوتلخ بُو کا ایک بھبھکا میرے نتھنوں سے ٹکرایا،سانس رُکنے لگا۔انہوں نے حسبِ عادت تحسین طلب کی۔ شومئی قسمت!میں مسکرایا اورمروّتاً مُنہ سے نکل گیا کہ کیا کمال شے ہے! اُن صاحب نے اسے داد سمجھا۔چنانچہ اس کے بعد میں اُن کے التفات کا خاص حقدار ٹھہرا۔اب ہر جمعے کو آنکھ مچولی کا کھیل ہوتا!میں ان سے چھپتا لیکن وہ کہیں نا کہیں ڈھونڈ نکالتے۔ پھر وہی عطر کی دو سلائیاں، میری ’’ مونا لیزی‘‘ مسکراہٹ، سانس و آواز بند۔۔اور دل ہی دل میں بابا جی کی سات پُشتوں کی ’ خبر گیری ‘ ۔۔محلّے بھر کے بچے بالکے ، لونڈے لپاٹے اُن بابا جی کے پیچھے ہوتے کہ ہمیں بھی عطر لگائیں لیکن وہ اُن سے بچتے۔کوئی بچہ اگر اپنا ہاتھ آگے کرتا تو وہ کہتے،’’ابے ! چل ہٹ! تُو عطر لگائے گا !! بندر کیا جانے ادرک کا سواد‘‘۔ مجھے چونکہ وہ متذکرہ جانور سے بہر طور بہتر خیال کرتے لہٰذا’’ عطر نوازی‘‘ میں میرا خاص حصہ تھا۔ مذکورہ عطّر سے میرے فرارکی ایک وجہ تو ظاہر ہے کہ اس کی بدبُو تھی،(جبکہ ہمیں خوشبو بے حد پسند ہے)۔لیکن اس سے بھی بڑا سبب یہ تھا کہ اک زمانے میں ہمارے گائوں میں اسی ’’بُو‘‘ کا حامل عطرمُردوں کے کفن پر لگایا جاتا تھا۔اُن دنوں مجھے نہیں یاد پڑتا کہ ہمارے گائوں میں کسی میّت نے اُس بے مثال عطر کے بغیر تدفین وغیرہ کے مراحل طے کیے ہوں ۔عطر لگتے ہی پورا گائوں ایک انتہائی ناگوار بُو کی لپیٹ میں آ جاتا۔گلیوں سے میّت گزر جاتی لیکن عطر ٹھہر جاتا۔گھنٹوں وہاں سے گزرنے والوں کو پتہ چلتا رہتا کہ یہاں سے میّت گزری ہے۔نجانے کس خوش ذوق نے اس کا آغاز کیا تھا ،لیکن اب یہ ’’عطر چھڑکائو‘‘ کی رسم تدفین کا لازمی حصہ بن چکی تھی۔اس رسم کا بیک گرائونڈ جو بھی تھا، بہرحال اب یہ ایک کامیاب کوشش تھی کہ کوئی مُردہ کم از کم ذ ہنی سکون کے ساتھ قبر تک نہ پہنچے۔قبر کا حال تو اللہ پاک کو معلوم ہے لیکن! بظاہر اُس بیچارے مُردے کا عذاب کفن اُوڑھتے ساتھ ہی شروع ہو جاتا۔انہی بچپن کے دنوں کی بات ہے کہ میں ایک دو سطری وصّیت لکھ کر ہمہ وقت اپنی جیب میں رکھتا تھا اور وہ یہ تھی کہ ، ’’موت فوت بندے کے ساتھ ہے میری وصّیت ہے کہ بعد از وفات مجھے یہ عطّر نہ لگایا جائے ‘‘۔ اب جب وہی عطّر برسوں بعد ان بابا جی کو مسجد میں لگاتے دیکھا تو ہمارا ذہنی کرب، گویا، دوبارہ شروع ہو گیا۔انہیں دیکھتے ہی ذہن میں ایک فلم چلنا شروع ہو جاتی،،کفن میں لپٹی میّت نظر آتی اور لاشعورسے کلمہ شہادت کی آوازیں آنا شروع ہو جاتیں۔ لاچار! وہ محلّہ چھوڑا تب کہیں قرار آیا۔