لاہور(حافظ فیض احمد)محکمہ ایکسائز حکام نے تین جون سے ایکسائز دفاتر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے سروسز اپوائنٹمنٹ کے نام سے ایپ متعارف کرائی ہے جس کے تحت صرف ایسے شہری ایکسائز دفاتر آنے کے مجاز ہونگے جو مذکورہ ایپ کے تحت پہلے وقت لیںگے کہ وہ کس تاریخ کو اور کس ایکسائز آفس اور کس مقصد کے لئے ایکسائز دفتر آئیں گے جس پر انہیں سروسز اپوائنٹمنٹ کے تحت ان کی بکنگ کی جائے گی اور وہ اس کے مطابق ایکسائز دفاتر جاکر اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن ٹرانسفر اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کرسکیں گے ۔ذرائع کے مطابق لاک ڈائون کا سلسلہ وسیع ہونے پر ایکسائز حکام نے ایکسائز کی تمام موٹربرانچز تین جون سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ جن شہریوں نے لاک ڈائون سے قبل نئی گاڑیاں حاصل کیں وہ اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن کراسکیں ، اسی طرح ہزاروں افراد نے گاڑیوں کی ٹرانسفرکے حوالے سے اپنی دستاویزات ایکسائز دفاتر پہلے سے جمع کرائی ہوئی ہیں ، ان کو بھی نمٹایا جائے گا ، اس اقدام سے محکمہ ایکسائز کے دفاتر میں رش بھی نہیں ہوگا اور شہری آسانی سے اپنی گاڑیوں کی ٹرانسفر اور رجسٹریشن بھی کراسکیں گے ، واضح رہے پہلے مرحلے میں صرف ایسے افراد ہی ایکسائز دفاتر کے اندر جاسکیں گے جو سروسز اپوائنٹمنٹ ایپ کے تحت گھر بیٹھے وقت لیں گے ، شناختی کارڈ اور اپوائنٹمنٹ چیک کرنے کے بعد ان کو ایکسائز دفاتر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی ، مذکورہ ایپ کے ذریعے خود ایکسائز دفتر کا انتخاب کیا جاسکے گا، آن لائن سسٹم کے ذریعے وقت اور دن بتادیا جائے گا ، محکمہ ایکسائز موٹر برانچ کی تمام ای ٹی او کو آگاہ کردیا گیا ہے ، ڈی جی ایکسائز پنجاب چودھری مسعودالحق کا کہنا ہے شہریوں کی سہولت کے لئے سروسز ایپ متعارف کر ائی ہے ۔ جو شہری پہلے سے وقت لیں گے وہ ہی سہولت اٹھا سکیں گے ۔