اسلام آباد ( صباح نیوز)سینٹ قائمہ کمیٹی برائے کامرس و ٹیکسٹائل کے چیئرمین سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ میں بے ضابطگیوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت تجارت کے اعلیٰ حکام کو وضاحت کیلئے 22 اکتوبر کو طلب کر لیا ۔انہوں نے وزارت خزانہ حکام کو ہدایت کی کہ برآمدات بڑھانے کے نام پرکاروباری تنظیموں کو قومی خزانے سے ادائیگیاں بند کی جائیں اور گزشتہ پانچ سال کی تمام ادائیگیوں کا ریکارڈ آڈٹ کیلئے پیش کیا جائے ۔چیئرمین کمیٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ انہیں تمام معاملہ پر تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے ۔واضح رہے کہ حکومت نے کاروباری برادری کی مرضی کے خلاف برآمدات پر ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج عائد کیا تھا جس کا مقصدسرچارج کی آمدن کے استعمال کے ذریعے برآمدات بڑھانا تھا جو حاصل نہیں کیا جا سکا تاہم رقم کے ضیاع اور بندر بانٹ کے الزامات لگتے رہے ۔وزارت تجارت کے بعض افسران فنڈ کے تحت جمع رقم کو تفریحی دوروں پر بھی لٹاتے رہے ۔ وزارت خزانہ کے اصرار کے باوجود وزارت تجارت نے ای ڈی ایف کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی اجازت نہیں دی ۔