پشاور(92نیوز)اے این پی 31اکتوبر کو آزادی مارچ کا حصہ بنے گی،اسفندیار ولی خان رشکئی انٹرچینج سے خیبرپختونخوا کے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد کیلئے روانہ ہونگے ،اسی طرح تھنک ٹینک اجلاس میں تمام صوبائی یونٹس کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہے کہ وہ اپنے صوبوں کے حالات کے مطابق 31اکتوبرتک آزادی مارچ کا حصہ بنیں، عوامی نیشنل پارٹی کے مشاورتی کمیٹی کا اجلا س ولی باغ چارسدہ میں زیر صدارت مرکزی صدر اسفندیار ولی خان ہواجس میں ملکی سیاسی صورتحال اور آزادی مارچ پر تفصیلی بات چیت کی گئی،اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ عوامی نیشنل پارٹی 31اکتوبر کو آزادی مارچ کا حصہ بنے گی۔مشاورتی اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ آزادی مارچ تمام اپوزیشن جماعتوں کا آئینی اور قانونی حق ہے ، اجلاس میں نواز شریف اور آصف زرداری کی صحت کے حوالے سے چلنے والی خبروں پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا گیا، حکومتی وزراء کی جانب سے جاری ہونے والے بیانات کی بھی مذمت کی گئی۔اجلاس کے بعد اپنے بیان میں اسفندیار ولی نے کہا کہ معیشت تباہی کے دھانے پر آکر کھڑی ہو گئی ہے ۔