اسلام آباد (پ ر)برجر پینٹس، اے سی سی اے (ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس) کے منظور شدہ ا یمپلائر پروگرام کا حصہ بن گیا۔ اس شراکت داری سے دونوں تنظیمیں کاروباری اخلاقیات، پیشہ ورانہ مہارت اور مستقبل میں صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے مل کر کام کریں گی۔ یہ سنگ میل کمپنی کی ٹیکس کی تعمیل اور شفافیت کے عزم کے ساتھ ساتھ اس کی گورننس اور وژن میں بہتری کی بھی عکاسی کرتا ہے ۔ ڈیجیٹل دنیا میں کاروبار میں ترقی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے اے سی سی اے کے ذریعہ تیار کردہ مہارت کے صحیح امتزاج کے ساتھ اب برجر پینٹس مستقبل میں بہترین فنانس ٹیلنٹ تک رسائی حاصل کرسکے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ، اے سی سی اے پاکستان کے سربراہ سجید اسلم نے کہا، ''پاکستان جیسی معیشت میں مارکیٹ سے متعلق معلومات رکھنا بہت ضروری ہے ۔ اے سی سی اے مستقل ترقی پر یقین رکھتا ہے اور اپنے ملازمین کے پیشہ ورانہ تجر بے کے ذریعے برجر پینٹس کی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد فراہم کرے گا۔"عبدلواحد قریشی سی ایف او برجر پینٹس نے حکومت سے اس بات کی ضرورت پر زور دیاکہ وہ بڑے اور چھوٹے مینوفیکچررز کے لئے مساوی مواقع فراہم کر کے پیداوار میں آسانی پیدا کرنے کے لئے اپنی پالیسیاں ہموار کریں۔