اسلام آباد(صباح نیوز) آل پارٹیز کانفرنس کے ایجنڈے پر مشاورت کیلئے کانفرنس کے میزبان اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو سے ملیں گے ، اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کی قیادت سے غیر معمولی مشاورت کے بعد کانفرنس کے ایجنڈے اور شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا حکومت مخالف تحریک کے لئے اے پی سی کا رواں ماہ جون کے آخری ہفتے میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے ۔ 19جون کوجے یو آئی (ف) کی مرکزی مجلس شوری کا اجلاس بھی طلب کرلیاگیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے آل پارٹیز کانفرنس کے ایجنڈے پر مشاورت کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری سے براہ راست ملاقاتوں کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ دو تین روز میں مولانا فضل الرحمن کی شہباز شریف اور بلاول بھٹو سے ملاقاتیں متوقع ہیں، آل پارٹیز کانفرنس کے شرکاء کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔