کراچی(سٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سیدمصطفی کمال نے کہا کہ آج ایک آل پارٹیز کانفرنس ہوئی،نواز شریف،آصف زرداری ، بلاول بھٹوزرداری اوردیگر رہنماؤں کے خطاب سے ہم اس نتیجہ پر پہنچے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شریک تمام لوگوں کوپاکستان کے عوام کی نہیں بلکہ صرف اپنے اقتدار کی فکر ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیگر علاقوں کے دورہ کے موقع پر پر ہجوم عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ انکی حکومت ہو تو سب ٹھیک ہے اور جو انکی حکومت نہیں تو سب خراب ہے ۔ اے پی سی میں بیٹھے لوگوں کی 30، 30 سال حکومت رہی ہے ، ووٹ کو عزت دو کے بجائے اگر ووٹر کو عزت دی ہوتی تو آج یہ دن نہیں دیکھنا پڑتے ۔ آل پارٹیز کانفرنس کے میزبان بلاول بھٹو زرداری سے پوچھتا ہوں کس منہ سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا ہے ، ان کے پاس تو سندھ میں پچھلے 12 سال سے مسلسل اقتدار ہے ، پیپلز پارٹی کی تعصب زدہ کرپٹ حکومت نے کراچی سے کشمور تک سب تباہ و برباد کردیا، پیپلزپارٹی اور بلاول کس منہ سے جمہوریت اور عوام کی حقوق کی بات کررہے ہیں، تھر میں بچے بھوک سے جبکہ لاڑکانہ اور کشمور میں کتے کے کاٹنے اور گندا پانی پینے سے مررہے ہیں، میں پاکستان کے سابقہ اور موجودہ حکمرانوں سے کہتا ہوں کہ ووٹ کو نہیں ووٹر کو عزت دو، ووٹ تو صرف کاغذ کا ٹکڑا ہے ۔