راولپنڈی( نامہ نگار خصوصی)وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے برعکس محکمہ صحت پنجاب نے ڈاکٹر شہزاد احمد کو دوبارہ ہولی فیملی ہسپتال کا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لگانے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔باخبر ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ہائوس میں عوامی مسائل کے حوالے سے قائم پورٹل پر موصول شکایات کے باعث وزیر اعظم عمران خان نے جنوری2019 میں راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران طبی سہولیات کے فقدان اور صفائی کے غیر مناسب انتظامات پر دونوں ہسپتالوں کی انتظامیہ کی سرزنش کرتے ہوئے ہولی فیملی ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ( ایم ایس) ڈاکٹر شہزاد احمد اور ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایم ایس) نائٹ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا کر راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی کے ایم ایس ڈاکٹر ناصر محمود کو ایم ایس کا اضافی چارج سونپا تھا ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہولی فیملی کی وارڈ میں ایک بستر پر2 مریضوں کو دیکھ کر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ہولی فیملی ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر شہزاد احمد اور ڈی ایم ایس نائٹ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو تبدیل کر نے کا حکم دیاتھا تاہم بعد میں وائس چیئرمین ڈاکٹر عمر نے ڈاکٹر شہزاد کو دوبارہ قائمقام ایم ایس کا اضافی چارج دلوادیا اور صوبائی حکومت کو انٹرویو کیلئے دوبارہ نام بھی بھجوایا۔معلوم ہوا ہے کہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی تعیناتی کیلئے ڈاکٹر شہزاد احمد سمیت چار سینئر ڈاکٹروں کے انٹرویو مکمل کرلئے ہیں جن میں ڈاکٹر چشم ہما،ڈاکٹر سہیل اور ڈاکٹر ظفر بھی شامل ہیں۔