پشاور، ہنگو (خبر نویس،92نیوز رپورٹ) تحریک انصاف نے این اے 33ہنگو کے ضمنی الیکشن کا میدان مار لیا۔غیر سرکاری اورغیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار ڈاکٹرندیم خیال نے20772ووٹ لے کرکامیابی حاصل کی جب کہ ان کے مدمقابل جے یو آئی ف کے مفتی عبیداللہ نے 18244ووٹ حاصل کئے ۔ این اے 33ہنگو ضمنی انتخابات کے تمام 210پولنگ اسٹیشنز کے رزلٹ آنے کے بعد ریٹرننگ افسر نے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ جاری کر دیا۔ پی ٹی آئی کے امیدوار ندیم خیال 20772ووٹ لے کر کامیاب ہو ئے جبکہ جے یو آئی کے مفتی عبید اللہ 18244ووٹ لے کر دوسرے نمبر پررہے ، اے این پی کے سعید عمر نے 3314ووٹ حاصل کئے ۔ ریٹرننگ افسر سے جاری فارم47کے مطابق حلقے میں صرف 43148ووٹ کاسٹ ہوئے ، یوں ووٹ ڈالنے کی شرح صرف13.53رہی۔۔این اے 33 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔یہ نشست تحریک انصاف کے ایم این اے حاجی خیال کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی اور پی ٹی آئی نے اس نشست کے لیے حاجی خیال کے بیٹے کو ٹکٹ جاری کیا۔