لاہور،اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی،خبر نگار خصوصی، 92نیوز رپورٹ،نیوزایجنسیاں)صدر مسلم لیگ( ن) شہباز شریف نے کہا ہے اس مرتبہ اے پی سی میں پی سی سی سیمنٹ لگایا ہے ، دراڑیں نہیں پڑیں گی ۔لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عوام مہنگائی اور بے روز گاری سے بہت پریشان ہیں، آل پارٹیز کانفرنس میں عوام کی بھر پور نمائندگی کی گئی اورتمام اپوزیشن جماعتوں نے بھرپور کردار ادا کیا، اے پی سی میں عوام کی بات کی جبکہ میں نے آل پارٹیز کانفرنس میں عوام کی نمائندگی کی،میں نے مہنگائی،بے روزگاری اور ادویات کی مہنگے داموں فروخت کی بات کی۔صحافی نے پوچھانواز شریف بظاہر تندرست لگ رہے تھے وہ کب واپس آ رہے ہیں ۔شہباز شریف نے کہا میاں صاحب کی صحت اور واپس آنے کے بارے میں ڈاکٹر ہی بہتر بتا سکتے ہیں۔مولانا صاحب ہر بار اے پی سی میں کسی نقطے پر ناراض ہو جاتے ہیں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہر سیاسی جماعت کا اپنا نکتہ نظر ہے اور جمہوریت کا یہ حسن ہے کہ ہرکسی کے نکتہ نظر کا احترام کیا جاتا ہے ،تمام سیاسی جماعتوں کو ایک نقطے پر لانا آسان کام نہیں ۔وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا حکومت نوازشریف کی تقریر کے بعد حواس باختہ ہو چکی ہے ،ایک تقریر پر40 سے زائد وزرا اور مشیران رو رہے ہیں۔آٹا اور چینی چوروں اورسیلیکٹڈ حکومت کو نواز شریف کی تقریر سمجھ میں نہیں آسکتی ہے ،پاکستان کی عوامی جمہوری بقا کی فیصلہ کن جنگ شروع ہو گئی ہے ،فیصلہ کن مرحلہ ہے کہ پاکستان پر عوام کا راج ہوگا، کسی سیلیکٹڈ ٹولے کا نہیں؟ ۔