راولپنڈی(92 نیوزرپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر پاک فوج کے جوانوں اور افسروں سے اظہار یکجہتی کیلئے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا ۔آئی ایس پی آرکے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اورچیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام بھی ان کے ساتھ تھے ۔ وزیراعظم کو کنٹرول لائن کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کنٹرول لائن پر بھارت کی طرف سے سیزفائر کی خلاف ورزیوں کے متاثرین سے بھی ملاقات کی۔بعدازاں وزیراعظم نے فوجی جوانوں سے بھی ملاقات کی اور جوانوں کے مورال، مستعدی اور بھارتی جارحیت کا موثر جواب دینے کو سراہا۔زخمیوں اور شہداکے خاندانوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ان کے دہائیوں کے صبر اور حوصلے کی داد دی ۔ وزیراعظم نے کہا بھارت کے جان بوجھ کر آزاد کشمیر کے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا اورمقبوضہ کشمیر میں بیگناہ کشمیریوں کا مسلسل محاصرہ انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثالیں ہیں۔ وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے ان کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے ۔انہوں نے کہا جبکہ ہماری موجودہ کوششیں فاشسٹ ہندوستانی حکومت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کی ہیں، ہماری مسلح افواج کسی بھی بھارتی مس ایڈونچر یا جارحیت کوناکام بنانے کیلئے پوری طرح اہل اور مستعد ہیں۔