اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن،92 نیوز رپورٹ)حکومت کی بڑی عید پر عوام پر ’’بڑی عیدی‘‘ دیدی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا جبکہ ایل پی جی بھی ڈیڑھ روپیہ فی کلو مہنگی کر دی گئی۔۔وزارت خزانہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 3روپے 86پیسے اضافہ کیا گیا۔پٹرول کی نئی قیمت 103روپے 97پیسے فی لٹر ہوگئی ۔ہائی اسپیڈ ڈیز ل کی قیمت میں 5روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا۔ہائی سپیڈ ڈیز ل کی نئی قیمت 106روپے 46پیسے ہوگئی ۔لائٹ ڈیز ل 6روپے 62پیسے مہنگا کردیا گیا۔لائٹ ڈیز ل کی نئی قیمت 62روپے 86پیسے فی لٹر ہوگئی ۔مٹی کا تیل 5روپے 97پیسے فی لٹرمہنگا ہوگیا۔مٹی کے تیل کی نئی قیمت 65روپے 29پیسے ہوگئی ۔نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12بجے سے ہوگیا۔ دوسری طرف حکومت نے عوام پر ایل پی جی بم بھی گرادیا۔ اوگرا نے ایل پی جی ایک روپے 56 پیسے فی کلو مہنگی کردی،سلنڈر کی نئی قیمت 1363روپے 55 پیسے ہوگئی ۔اوگرا کی جانب سے اگست کیلئے ایل پی جی کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ایل پی جی سلنڈر 18 روپے 48 پیسے مہنگا ہو گیا ۔واضح رہے کہ جولائی کیلئے 11 اعشاریہ 8 کلو گرام گھریلو سلنڈر کی قیمت 1345 روپے 7 پیسے تھی۔