لاہور(احتشام الحق) سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریزمیں وائٹ واش کے بعد سینئر کھلاڑیوں شعیب ملک اور محمد حفیظ کے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کرنے کے امکانات ایک بار پھر روشن ہو گئے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کو آئی سی سی ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی کے بعدنہ صرف سنٹرل کنٹریکٹ سے فارغ کر دیا گیا تھا بلکہ کیریبیئن لیگ کھیلنے کی اجازت دیتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے قومی ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا ۔ مگر اب قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کی جانب سے سینئر کھلاڑیوں محمد حفیظ اور شعیب ملک کو یاد کرنے کے ایک دن بعد دونوں کھلاڑیوں کو قومی ٹی ٹونٹی کپ کھیلنے کے لئے سدرن پنجاب کی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے ۔ قومی ٹی ٹونٹی کپ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں13تا24 اکتوبر کھیلا جائے گا جس میں چھ صوبائی کرکٹ ایسوسی ایشنوں کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ایونٹ کے لئے تمام چھ ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔محمد حفیظ اور شعیب ملک اعلان کردہ سدرن پنجاب ٹیم کا حصہ ہوں گے جو شان مسعود کی کپتانی میں ٹی ٹونٹی ایونٹ میں حصہ لے گی۔