کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز مندی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس353.52پوائنٹس کی کمی سے 40187.18پوائنٹس کی سطح پرآ گیاجب کہ 67.36فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کو41ارب55کروڑ38لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔البتہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 12لاکھ 90ہزار حصص زائد رہا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبار کے ابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص خریداری میں دلچسپی کے باعث تیزی دیکھنے میں آئی اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100 انڈیکس40595پوائنٹس کی بلند سطح پرپہنچ گیا تاہم بعد ازاں کورونا وائرس متاثرین کے کیسز بڑھنے اور لاک ڈاون خدشات کے پیش نظر مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کا رجحان بڑھ گیا ۔ مجموعی طور پر 390کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 107کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ258میں کمی اور 17کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دریں اثنائمقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت500روپے کے اضافے سے 1لاکھ 13ہزار200روپے جب کہ دس گرام سو نے کی قیمت 428روپے کے اضافے سے 97ہزار50روپے ہوگئی ۔علاوہ ازیں ا وپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر مزید10پیسے کے اضافے سے 161روپے کی سطح پر پہنچ گیا، گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت خرید5پیسے کے اضافے سے 160.75روپے ہوگئی تاہم قیمت فروخت5پیسے کی کمی سے 160.85روپے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 10پیسے بڑھ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید160.60 اور قیمت فروخت161روپے ہوگئی۔