لاہور، حافظ آباد، خانقاہ ڈوگراں، پنڈی بھٹیاں ( کرائم رپورٹر، سپیشل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگا ر، نمائندہ 92 نیوز) لاہورباٹا پور میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو کچل کر موت کے گھاٹ اتار دیا، شہریوں نے ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، تحسین روڈ پر حادثہ میں سلمان اور شازیہ جاں بحق ہوئے ، پولیس نے تفتیش شروع کردی۔ سگیاں پل کے قریب آوٹ فال روڈ پر 22ویلر ٹرالر اور مزدا میں تصادم ہوگیا ، جس میں 11 افراد شدید زخمی ہو گئے ، ٹریفک پولیس کا کہنا حادثہ ٹرالر کی بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا، ٹرالر نے پیچھے سے ہٹ کیا، مزدا میں 40سے زائد افراد سوار تھے ۔ موٹروے ایم ٹو خانقاہ ڈوگراں انٹرچینج کے قریب کار اور ٹرالر میں تصادم ہوگیا، کار میں سوار خاتون ریحانہ جاں بحق اور دو بچوں سمیت 3 افراد شدید زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو دیہی مرکز صحت منتقل کر دیا گیا، موٹر وے پولیس نے روڈ کلیر کر دیا، فیملی لاہور سے اسلام آباد جا رہی تھی، پنڈی بھٹیاں میں موٹروے ایم ٹو سکھیکی سروس ایریا کے قریب ٹریفک حادثہ میں 7 سالہ بچی عمیرہ جاں بحق ،4 بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے ، لاہور کی فیملی کے ایک مرد ،دو خواتین ،چار بچے کار میں اسلام آباد جا رہے تھے ، ٹرالر نے پیچھے سے ٹکر ماری۔ حافظ آباد میں علی بائی پاس چوک کے قریب تیز رفتار گدھا گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجہ میں کامونکے کا عدنان جاں بحق اور اس کے 2بچے زخمی ہوگئے ۔