لاہور (وقائع نگار،اپنے خبر نگار سے ) گورنر پنجاب /چانسلر پنجاب یونیورسٹی چودھری سرور نے کہا ہے کہ بابا فریدؒ اور بابا گورونانک نے انسانیت ، امن اور رواداری کا درس دیا جن پر عمل پیرا ہو کر دنیا میں ہم آہنگی قائم کی جاسکتی ہے ۔ وہ پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج شعبہ پنجابی کے زیر اہتمام پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے 2 روزہ بابا فرید ،بابا گورونانک انٹرنیشنل کانفرنس2019 کی افتتاحی تقریب سے شیرانی ہال (اولڈ کیمپس )میں خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پروائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی سمیت ملکی و غیر ملکی معروف سکالرزنے شرکت کی ۔گورنر پنجاب چودھری سرورنے کہا کہ جن ممالک میں دہشت گردی ، انتہا پسندی اور اقلیتیں محفوظ نہ ہوں وہاں ترقی نہیں ہوتی۔کشمیر میں بھارتی فوج ہر طرح کا ظلم کر رہی ہے اس کے باوجود سکھ برادری کے لئے بابا گرونانک کی 550ویں سالگرہ پر کرتار پورراہداری کھول کر عمران خان نے اپنا وعدہ پورا کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجابی زبان کو فروغ دینے کیلئے مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے پنجابی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 40 سال سے زائد برطانیہ میں رہا، مگر میرے بچے آج بھی وہاں پنجابی زبان ہی بولتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جومزہ پنجابی زبان میں ہے وہ کسی دوسری زبان میں نہیں آتا۔ قبل ازیں گورنر سے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عامر مجید نے ملاقات کی جس میں بارڈرسکیورٹی صورتحال،امن وامان اور دیگر امورپر بات چیت کی گئی۔علاوہ ازیں گور نرنے ’’بین المذاہب ہم آہنگی و مذہبی آزادی کانفر نس‘‘ میں بھی شر کت کی، اس موقعہ پر صوبائی وزیرا قلیتی اموراعجاز عالم سمیت مختلف ممالک سے آنیوالے وفود بھی شر یک ہوئے ۔