کراچی، اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر، وقائع نگار خصوصی ) ’’بابائے کراچی‘‘ کے نام سے جانے جانے والے سابق ناظم اور سابق امیر جماعت اسلامی کراچی نعمت اللہ خان طویل علالت کے بعدگزشتہ روز خالق حقیقی سے جا ملے ، نعمت اللہ خان کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر آج ادارہ نور حق میں ادا کی جائے گی، سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان کے انتقال پر صدر مملکت عاری علوی، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، ق لیگ کے مرکزی صدر چودھری شجاعت اور دیگر اعلی سیاسی و سماجی اور تعلیمی شخصیات نے اظہار تعزیت کیا، صدر مملکت عارف علوی نے کہا ایک عظیم انسان آج دنیا سے رخصت ہوگیا، بلاول نے کہا مرحوم کی کراچی کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، مراد علی شاہ نے بھی اپنے بیان میں مرحوم کی مغفرت کی دعا کی، میئر کراچی وسیم اختر نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا نعمت اللہ خان نے شہر کی خدمت میں موثر کردار ادا کیا، میئر کراچی نے بلدیہ عظمی کراچی میں نعمت اللہ خان کے سوگ میں تمام سرگرمیاں معطل کردیں، کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے سابق ناظم کراچی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے بھی اظہار افسوس کیا، چودھری شجاعت حسین نے کہا مرحوم نعمت اللہ خان نے کراچی کے لئے جو خدمات انجام دی اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔سابق نائب ناظم کراچی طارق حسن ، مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری اور جی ڈی اے کے انفارمیشن سیکرٹری سردار عبد الرحیم اور دیگر نے بھی سابق ناظم کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا، نعمت اللہ خان نے 7بیٹے اور 2 بیٹیاں سوگوار چھوڑیں۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نعمت اللہ خان کے انتقال پر فوری کراچی پہنچے ،مرحوم کی رہائش گاہ گئے اور لواحقین وپسماندگان سے اظہار تعزیت کیا، جماعت اسلامی کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ، سراج الحق نے مرحوم کی رہائش گاہ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نعمت اللہ خان نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان اور پوری امت کے خیر خواہ تھے ، 72سال کی عمر میں کراچی شہر کے میئر بنے ، عالمی سطح پر خدمت اور دیانت کے ریکارڈ قائم کیے ، سخت گرمی میں عید کے دنوں میں تھرپارکر میں رہا کرتے تھے ، 80اور 85سال کی عمر میں بھی 18گھنٹے کام کرتے رہے تھے ۔جماعت اسلامی کراچی کے سابق امیر وسابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ نے بحیثیت سٹی ناظم کراچی کی تعمیر و ترقی میں مثالی کردار اداکیا،وہ کراچی اور قومی سطح پر ایک متحرک، فعال اور معروف دینی و سیاسی اور سماجی شخصیت اور ضلعی نظامت کے دوران لازوال خدمت کرنے کے بعد بابائے کراچی کے نام سے جانے جاتے تھے ۔1985 کے عام انتخابات میں ناظم آباد کے حلقہ سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ، دسمبر 1991 سے جولائی2001 تک جماعت اسلامی کراچی کے امیر رہے اور الخدمت ویلفیئر سوسائٹی کے صدر اور سرپرست بھی رہے ،اگست 2001 سے اگست 2005 تک کراچی کے پہلے سٹی ناظم رہے اور شہر کے لئے بے مثال ترقیاتی کام کئے ، نعمت اللہ خان طویل عرصے سے ہائی بلڈ پریشراور ذیابیطس جیسی بیماریوں میں مبتلا تھے ، یکم اکتوبر 1930 کو اجمیر میں پیدا ہوئے ،انہوں نے میٹرک کا امتحان 1946 میں پاس کیا،16 سال کی عمر میں اجمیر میں تحریک پاکستان میں بھرپور انداز میں حصہ لیا،16 سال کی عمر میں مسلم لیگ اجمیر کے نیشنل گارڈ کے صدر بنائے گئے ،28 اگست 1947 کو تنہا پاکستان آئے اور کراچی میں پہلی رات فٹ پاتھ پر سوکر گزاری،والدہ اور بہنوں کی کراچی آمد کے بعد مزار قائد کے قریب ایک جھگی میں رہائش اختیار کی، 1949 میں انٹر کیا پھر بی اے اور ڈبل ایم اے اسلامیہ کالج سے کیا،ایل ایل بی کا امتحان بھی پاس کیا ، جامعہ کراچی سے صحافت میں ڈپلومہ کیا لیکن عملی صحافت میں قدم نہ رکھ سکے ، انکم ٹیکس کے شعبے میں وکالت کی پریکٹس شروع کی۔1974 میں جماعت اسلامی کی رکنیت لی۔