لاہور ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سال 2020 کے لیے کرکٹرز سمیت مختلف کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کیلئے ایوارڈز کا اعلان کیا ہے ۔پی سی بی کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو دو ایوارڈ دئیے گئے ، بابر اعظم کو موسٹ ویلیو ایبل اور وائٹ بال کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈز سے نوازا گیا۔وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا جبکہ فواد عالم کو انفرادی کارکردگی کا ایوارڈ مل گیا۔فاسٹ باولر نسیم شاہ کو بیسٹ ایمرجنگ انٹرنیشنل کرکٹر کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ بیسٹ ایمرجنگ ڈومیسٹک کرکٹر کا ایوارڈ پاکستان شاہینز کے وکٹ کیپر کپتان و بلے باز روحیل نذیر کے نام رہا۔ اسی طرح کامران غلام کو ڈومیسٹک کے بہترین کرکٹر کا ایوارڈ مل گیا۔قومی ویمن کرکٹر عالیہ ریاض بیسٹ ویمن کرکٹر آف دی ایئر قرار پائیں جبکہ پی سی بی ایمرجنگ ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ فاطمہ ثنا نے اپنے نام کر لیا۔آصف یعقوب پی سی بی امپائر آف دی ایئر قرار پائے جبکہ کارپوریٹ اچیومنٹ آف دی ایئر کا ایوارڈ پاکستان سوپر لیگ فائیو کو دیا گیا۔اس کے علاوہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان پر قومی کھلاڑیوں نے بنگلادیش کے ڈریسنگ روم میں جاکر ان کا شکریہ ادا کیا اس اقدام پر اس ٹیم کو سپرٹ آف دی ایئر قرار دیا گیا۔