راولپنڈی،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،سپیشل رپورٹر) سکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے گاؤں تنگی میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کرکے ان کا بڑا نیٹ ورک تباہ کر دیا، کارروائی میں دہشتگردوں کا سرغنہ زبیر اور عزیزالرحمٰن عرف فدا ہلاک ہو گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطا بق سکیو رٹی فورسز نے ضلع باجوڑ کے گائوں تنگی میں آپریشن کرکے دہشت گردوں کے ایک بڑے نیٹ ورک کو توڑ دیا ۔ دہشتگردوں کا یہ نیٹ ورک ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھا۔یہ دہشت گرد سرحد پار سے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘’را’’ لیڈروں سے براہ راست احکامات لیتے تھے ۔ دہشت گردوں کا یہ نیٹ ورک پاکستان میں مختلف مقامات پر دہشت گردی میں ملوث تھا۔ سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد کمانڈر زبیر اور عزیز الرحمٰن عرف فدا کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق زبیر نامی یہ دہشت گرد باجوڑ اور ملحقہ علاقوں میں آپریشنل کمانڈر تھا جبکہ کمانڈر عزیز الرحمان کی بیوی کراچی میں ویمن ونگ کی نگران تھی ،وہ کراچی میں خواتین ونگ کو دیکھ رہی تھی جسے گرفتار کرکے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔باجوڑ میں دہشتگردوں کے نیٹ ورک تک پہنچنے کے لئے متعدد انٹیلی جنس آپریشن کئے گئے 19 نومبر کو دہشتگرد کمانڈر خلیل عرف یاسین سکیورٹی فورسز کے مقابلے میں مارا گیا،دہشتگرد کمانڈر خلیل باجوڑ کے علاقے منڈال میں خفیہ پناہ گاہ میں موجود تھادہشتگرد کمانڈر خلیل بارودی سرنگ کے حملوں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث تھا۔