لاہور/اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے )بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب وامام اور مجلس علماء پاکستان کے چیئر مین مولانا سید عبدا لخبیر آزادنے سعودی عرب کے پاکستان میں متعین سفیرنواف بن سعدی المالکی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔جس میں باہمی دل چسپی کے امور اور امت مسلمہ کو در پیش مسائل پر گفتگو ہوئی۔ سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعدی المالکی نے کہا کہ امت مسلمہ اس وقت مختلف مسائل کا شکار ہے ۔سعودی عرب امت مسلمہ کو در پیش مسائل اسلامی ملکوں کے ساتھ مل کر حل کرنے میں کوشاں ہے ۔ دہشت گردی کو ختم کرنے اور اپنے اپنے ملک میں امن کو مضبوط بنا نے کیلئے دونوں ملک کوشاں ہیں۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت کا جذبہ اور سوچ مضبوط ہے ۔ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ۔سعودی عرب اور پاکستان کے مفادات یکساں ہیں۔کبھی بھی پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔اس موقع پر مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے سعودی الشیخ سفیر نواف بن سعید المالکی کے جذبات اور احساسات کا شکریہ ادا کیا۔