لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)دفاعی تجزیہ کار جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب نے کہا ہے کہ بھارت جارحانہ عزائم رکھتا ہے ، لداخ کے علاقے میں سڑکیں اور پل بنانا شروع کئے تو چین کو اسکا پتہ چل گیا ۔ چینل92نیوزکے پروگرام’’ہارڈ ٹاک پاکستان‘‘میں میزبان ڈاکٹر معید پیرزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اسلحہ کی ترسیل کیلئے اقدامات کر رہا ہے اورجب لداخ کو یونین ٹیرٹیری قرار دیا تھا تو چین نے اس وقت بھی اعتراض کیا تھا۔جہاں پر چین اور بھارت کا تنازع ہوا وہاں سے آٹھ نو کلومیٹر کے فاصلے پر شاہراہ قراقرم ہے جو پاکستان اورچین کیلئے انتہائی اہم ہے جس کی وجہ سے چین نے جواب دیا ۔ امریکہ کسی نہ کسی شکل میں بھارت کو سپورٹ کریگا لیکن بھارت نہیں چاہتا کہ وہ امریکہ کا آلہ کار بن کر چین کیخلاف لڑے ۔ چین چاہے گا کہ بھارت اقوام متحدہ میں جائے لیکن وہ نہیں جائیگا کیونکہ اس نے خود ہی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے ۔ اب چین بھی لداخ کے علاقے سے نہیں جائیگا، بھارت کوسمجھوتہ کرنا ہوگا۔ سابق سیکرٹری خارجہ نجم الدین شیخ نے کہا کہ چین کا کشمیر کے معاملے میں موقف واضح ہے وہ اس پرقائم رہیگا جبکہ سی پیک کو ہرصورت مکمل کریگا۔ لداخ پر چین کا موقف درست ہے ۔بھارت کے پاس بیک آف کرنے کے علاوہ کوئی صورت نہیں ۔ امریکہ چاہتا ہے کہ بھارت اس کیساتھ کھڑا رہے اورچین کے مقابلے میں اس کا پارٹنربنے ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ ڈاکٹر شہبازگل نے کہا کہ جب چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی تو چینی کی وافر مقدار موجود تھی ، اسکے باوجود چینی مہنگی ہوگئی جس کی وجہ شریف فیملی کا بنایا ہوا کارٹل تھا ، انہوں نے وہی کام کرنے کی کوشش کی جو ہمیشہ اپنی حکومتوں میں کرتے تھے ۔ شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس شوگرمافیا کیلئے تو غیر اہم ہوگی لیکن عوام تو شوگرمافیا کے کارنامے روز سننا چاہتے ہیں۔ اگرہم نے غلط کیا ہے تو انہوں نے جو 27 ارب کی سبسڈی دی تھی اس کوکیسے چھوڑ دیاجائے ، ہم نے تو وزیر خوراک کو ہٹایا، انکوائری کرائی اوراب سزا بھی ملے گی۔