کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) نامزدچیف جسٹس پاکستان گلزاراحمد نے کہاہے باراوربینچ کے تعلق کوکوئی نہیں بگاڑسکتا۔کراچی بارایسوسی ایشن کے سالانہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا گزشتہ دنوں سیشن کورٹس کے دورے کا موقع ملا، ڈسٹرکٹ کورٹس کی حالت دیکھ کر بہت افسوس ہوا، ڈسٹرکٹ کورٹس کیلئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ،ایک ایک چیمبرمیں پانچ پانچ ججزبیٹھے ہیں،میں نے اپنے وقت میں عدالتوں کی ایسی حالت نہیں دیکھی،عدالتی مسائل کونظراندازنہیں کیاجائیگا، بار سے منسلک تمام مسائل کو 21 دسمبر کے بعد سے حل کرنا شروع کرونگا،بار اور بنچ کو نقصان ہوا تو دونوں کونقصان ہوگا،عدالتوں اوروکلا کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔مسائل ہر جگہ ہوتے ہیں،پریشانی کی کوئی بات نہیں،کراچی بار ماضی کی روایات کی طرح آئین اور قانون پر کردار ادا کرتی رہیگی ،میرے والد بھی کراچی بار ایسوسی ایشن کے ممبر تھے ۔ میں نے کبھی وکیل یا جج ہونے کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں سے سمجھوتہ نہیں کیا، نئے آنے والے وکلا محنت اور اپنے مطالعہ میں اضافہ کریں۔ صدر کراچی بار نعیم قریشی نے جسٹس گلزار احمد کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔