لندن(این این آئی) عالمی ادارے سپیکٹیٹر انڈیکس نے بھارت کو رہائش کیلئے دنیا کاپانچواں خطرناک اور بد ترین ملک قراردیدیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سپیکٹیٹر انڈیکس نے 2019ء کیلئے دنیا کے 20 خطرناک ممالک کی فہرست جاری کردی ہے جس میں برازیل پہلے ، جنوبی افریقہ دوسرے ، نائیجریا تیسرے اور ارجنٹائن چوتھے نمبر پر ہیں۔ بھارت دنیا بھر میں لوگوں کے رہنے کیلئے پانچویں نمبر پر خطرناک اور بدترین خطرناک ملک ہے ۔فہرست میں پیرو چھٹے ، کینیا ساتویں، یوکرین آٹھویں، ترکی نویں اورکولمبیا دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ حیرت انگیز طور پر سپیکٹیٹر انڈیکس کی فہرست میں برطانیہ 12 ویں اور امریکہ 16 ویں نمبر پر ہے ۔میکسیکو کو گیارہویں نمبر پر خطرناک ترین ملک قراردیا گیا ۔تیرہویں نمبر پرمصر، چودھویں پر فلپائن، پندرہویں پر اٹلی، سترہویں پرانڈونیشیا، اٹھارہویں پریونان، انیسویں پر کویت اور بیسویں نمبر پر تھائی لینڈ ہے ۔سپیکٹیٹر انڈیکس نے انسانی حقوق کی پامالی ، عام آدمی کے استحصال، بچوں اور خواتین سے زیادتی کے واقعات کو انڈیکس میں شامل کیا جبکہ شہریوں کے حقوق غصب کرنے ، آزادی اظہار پر پابندی اور بنیادی حقوق سے محروم رکھنا بھی سروے میں شامل ہے ۔سپیکٹیٹر انڈیکس میں تمام معاشرتی پہلوؤں کو شامل کیا گیا ۔ بھارتی حکومت کا مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ قانون نافذ کرکے بدترین لاک ڈاؤن جاری ہے ۔ بھارتی حکومت کا نیا شہریت قانون ہندووتوا کی ترویج اور اقلیتوں کی حقوق غصب کرنے کا باعث ہے یہی وجہ ہے کہ بھارت کو پانچویں نمبر پر خطرناک ملک قرار دیا گیا ہے ۔