مظفرآباد (صباح نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت نے اگر آزاد کشمیر پر حملہ کرنے کی ناپاک جسارت کی تو اُس کا مقابلہ آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان، اور خیبر پختونخواہکے جنگو نوجوان سے ہو گا جو لڑنا بھی جانتے ہیں اور اپنے عزت و غیرت کی خاطر مرنا بھی جانتے ہیں، پاکستان کی 22 کروڑ آبادی میں 13 کروڑ نوجوان ہیں وہ اپنے وطن کو بچانے کے لیے کشمیریوں کی حمایت میں اُٹھ کھڑے ہوں اور ڈیجیٹل ہتھیاروں سے اپنے آپ کو لیس کر کے دنیا کے سامنے بھارت کے جھوٹ اور مکاریوں کو بے نقاب کریں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ایوان صدر مظفرآباد میں کشمیر یوتھ الائنس کے زیر اہتمام ایک روزہ پیس کانفرنس کے اختتامی سیشن سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہاپاکستان کی حکومتوں کے موقف میں کوئی لچک ہو سکتی ہے لیکن پاکستان کی مسلح افواج کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑ سکتیں۔ وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ اگر وقت آیا تو وہ خود بندوق لے کر نوجوانوں کی قیادت کرتے ہوئے آزاد کشمیر اور پاکستان کے دفاع کی جنگ لڑیں گے ۔ ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر، تحریک پاکستان کا تسلسل ہے ،ڈاکٹر مجاہد گیلانی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔