اسلام آباد (این این آئی) بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے شہید کمانڈر ریاض نائیکو کی میت کو قبر سے نکال کر کسی خفیہ مقام پر دفنانے کا منصوبہ تیار کرلیا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جموں وکشمیر ماس موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید میر نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی کشمیری شہید نوجوانوں کے جنازوں کے بڑے بڑے اجتماعات سے خوفزدہ ہو کر اب انکی میتیں لواحقین کے حوالے کرنے کے بجائے سونہ مرگ اور اوڑی میں اپنے زیر انتظام قبرستانوں میں دفن کررہی ہے ۔ شہید نوجوانوں کی میتیں ضلع گاندر بل کے علاقے سونہ مرگ اور ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں بھارتی فوج کے زیر انتظام قبرستانوں میں خاموشی سے دفن کردی جاتی ہیں جسکا واحد مقصد شہداء کے جنازوں میں کشمیریوں کی والہانہ شرکت کو روکنا ہے ۔ بھارتی فوج یہ مذموم عمل کورونا وائرس کی آڑ میں انجام دے رہی ہے ۔ شہیدکمانڈر ریاض نائیکو کی میت بھی سونہ مرگ کے علاقے میں دفن کی گئی تھی جہاں انکی قبر پر فاتحہ خوانی کیلئے لوگوں کا تانتا بندھا رہتا ہے ، لہٰذا اطلاعات یہ ہیں کہ بزدل بھارتی فوج نے انکی میت کو قبر سے نکال کر کسی نامعلوم مقام پر دفنانے کا فیصلہ کیا ہے۔