نیویارک( آن لائن ) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے جارحانہ ارادے بے نقاب ہو چکے ہیں حملہ ہوا تو بھرپور جواب دینگے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی آرمی چیف کے پیشگی حملے کا بیان اور کنٹرول لائن کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا،انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں،انہوں نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اور سیکرٹری جنرل انتونیو سے مطالبہ کیا ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان تباہ کن جنگ روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدام کریں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے اور کشمیریوں کو ان کا حقِ خوداردیات استعمال کرنے دینے کا مطالبہ کریں،انہوں نے کہا بھارت کی قابض 9 لاکھ فوج نے 150 دنوں سے کشمیر کی وادی میں 80 لاکھ افراد کو ظالمانہ کرفیو میں قید رکھا ہے جبکہ وہاں مواصلاتی روابط بھی معطل ہیں، تمام کشمیری رہنما بھارت بھر کی جیلوں میں قید ہیں، ہزاروں نوجوانوں کو اغوا، جبری حراست میں رکھا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جب بین الاقوامی برادری کا دبا بڑھا تو بھارتی حکام نے کچھ پابندیوں میں نرمی کا دعوی کیا تاہم سوا کروڑ کشمیریوں کے لیے صورتحال معمول سے کہیں دور ہے ،انہوں نے بھارت کی جانب سے جاری کردہ سیاسی نقشے کی مثال پیش کی جس میں مقبوضہ کشمیر کے ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھارت کا حصہ دکھایا گیا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ نے شیخی بگھاری تھی کہ ایک دن وہ اس خطے کا کنٹرول حاصل کرلیں گے ۔