نئی دہلی ( 92 نیوزرپورٹ)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کے خلاف بھارت کے اساتذہ اور سائنسدان بھی میدان میں آگئے ۔ 500 سے زائد اساتذہ اور سائنسدانوں نے بھارتی حکومت کو خط لکھ کر مقبوضہ وادی سے کرفیو ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق خط میں سینکڑوں اساتذہ اور سائنسدانوں کاموقف ہے کہ انہیں مقبوضہ وادی کی صورتحال پر شدید تشویش ہے ۔ مواصلاتی بندش سے لوگ بے پناہ مشکلات کا شکار ہیں، پابندیوں نے ادویات اور روزمرہ استعمال کی اشیا کا حصول مشکل بنا دیا ،بھارتی حکومت کا مقبوضہ کشمیر میں اپوزیشن رہنمائوں اور اپنے مخالفین کو گرفتار کرنا اور ان کی آواز دبانا غیر جمہوری اقدام ہے ۔ خط میں سائنسدانوں نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔انکاکہنا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے باہر ان تمام لوگوں کو مدد کی پیشکش کرتے ہیں جن کا رابطہ اپنے خاندان والوں سے منقطع ہے اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائے ۔