اسلام آباد، سرینگر (آن لائن، صباح نیوز )پاکستان نے بھارت کی جانب سے کسی بھی ممکنہ جارحانہ اقدام کو روکنے کیلئے فضائی اور زمینی حدود کی حفاظت کیلئے نیا ائیر ڈیفنس سسٹم نصب کر دیا ۔نیا ائیرڈیفنس سسٹم چینی ساختہ ہے جس میں کم رینج والے زمین سے ہوا میں مار کرنے والے میزائل، نگرانی کرنے والے ریڈار اور ڈرون شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق سرحدوں پرزمین سے ہوا میں مار کرنے والے ایل وائے 80 میزائل اور آئی بی آئی ایس150 ریڈار کے پانچ یونٹ نصب کیے گئے ہیں۔ میزائلوں اور ریڈارکے علاوہ پاکستان نے چینی ساختہ رین بو سی ایچ4 اور رین بو سی ایچ5ڈرون بھی سرحد پر تعینات کیے ہیں تا کہ بھارت کے کسی بھی جہاز کی آمد کا پیشگی پتہ لگایا جا سکے ۔ادھر لائن آف کنٹرول کے پونچھ سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے باعث علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا جبکہ بھارتی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی فوجی پوسٹوں پر جوابی کارروائی میں ایک بھارتی مارا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پونچھ ڈسٹرکٹ کے علاقے شاہ پور اورکیرنی میں اتوار کی صبح ساڑھے پانچ بجے بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی ۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوجی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس میں ایک بھارتی فوجی ماراگیا ۔بھارتی حکام نے اپنے ایک اہلکار مارے جانے کی تصدیق کی ہے ۔بھارتی فوج نے بھمبر میں بنڈالہ سیکٹر میں بھی بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک بچہ فرحان علی شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔