نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی فلم ساز نے آسکر ایوارڈ یافتہ فلم پیراسائٹ کی ٹیم پر اپنی کہانی چوری کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اس کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ویب سائٹ فرسٹ پوسٹ کے مطابق تامل فلموں کے پروڈیوسر پی ایل تھناپن نے دعویٰ کیا کہ جنوبی کورین فلم پیراسائٹ میری 1999 میں بنائی گئی فلم ’’منساراکنا‘‘ کی کاپی ہے ، پیراسائٹ کی کہانی میری فلم سے متاثر ہو کر لکھی گئی، میں فلم کی ٹیم کیخلاف قانونی کارروائی کروں گا۔دوسری جانب دکن کرونیکل اخبار نے پی ایل تھناپن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا پیراسائٹ کی کہانی انکی فلم سے مختلف ہے ۔ بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے کہا پیراسائٹ میں ایک اہم طبقاتی نظام کے مسئلے کو سامنے لایا گیا جبکہ تامل فلم میں صرف کامیڈی اور رومانس دکھایا گیا تھا ،دونوں کی کہانی مختلف ہے ۔