سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور شیخ عبد العزیز کے 12ویں یوم شہادت پر مکمل ہڑتال کی گئی کاروبار زندگی معطل رہا بھارتی فورسز نے نام نہاد کارروائیوں میں متعدد کشمیری گرفتار کرلئے ۔بھارتی حکومت نے سپریم کورٹ میں اپنے بیان میں مقبوضہ کشمیر کے 2اضلاع میں 4جی انٹرنیٹ پر پابندی ختم کرنے کا بیان دیا ہے جبکہ کورونا سے ہلاکتیں 485سے متجاوز ہوگئی ہیں، بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے سابق بیوروکریٹ ڈاکٹر شاہ فیصل کوسیاست سے کنارہ کشی پر دوبارہ سرکاری ملازمت پر بحال کرنے کی پیش کش کردی ہے ۔ 36 سالہ ڈاکٹر شاہ فیصل اپنی سیاسی جماعت جموں وکشمیرپیپلز مومنٹ سے مستعفی ہو گئے ہیں ،خیال کیا جاتا ہے کہ انہیں جلد ہی رہا کیا جائے گا اور پھر مقبوضہ کشمیر کا انتظامی افسر مقرر کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں ایک تلاشی آپریشن کے دوران تین افراد کو گرفتار کرلیا گیاہے ، فوج نے لالپورہ علاقے کا محاصر کے دوران شہریوں کو گرفتار کیا ، پلوامہ کے ترال علاقے میں تلاشی کاروائی کی علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی اور گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے ۔ بھارتی حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ 15اگست کے بعد تجرباتی بنیادوں پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے دو اضلاع میں 4جی انٹر نیٹ سروس پر عائد پابندی ختم کی جائے گی۔ وادی کے ایک اور جموں کے ایک ضلع میں 4جی انٹر نیٹ سروس پر عائد پابندی ختم کرنے کا تجربہ کیا جائے گا۔بھارتی حکومت کی طرف سے دائر بیان حلفی میں یہ بھی بتایا گیا کہ داخلہ سیکرٹری کی سربراہی میں جو خصوصی کمیٹی کشمیر میں فور جی انٹر نیٹ سروس معاملے کیلئے قائم کی گئی تھی اس نے معاملے کا جائزہ لیا ہے ۔دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس سے مرنے والون کی تعداد485 سے تجاوز کر گئی جبکہ وائرس متاثرین کی تعداد 25 ہزار 367 ہوگئی ہے ۔