لاہور(خصوصی نمائندہ) گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے بھارت میں متنازعہ شہر یت قانون کیخلاف احتجاج انقلاب میں بد ل رہا ہے ۔ گاندھی کے پڑپوتے تشار گاندھی بھی مسلمانوں کیساتھ ملکر مودی کے کالے قانون کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ مودی سرکار انتہا پسند اور نسل پرست انڈیا کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔کشمیر میں 170دن سے جاری کر فیو کے ذریعے مسلمانوں کا محاصرہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں غیر اخلاقی، غیر آئینی اور غیر انسانی فعل ہیں، دنیا کو اس پر خاموش نہیں رہنا چاہیے ، بھارت کو مظالم سے روکا جائے ۔ وہ گو ر نر ہاؤس میں بین المذاہب ہم آہنگی کے 13رکنی وفد،صوبائی وزارت ترقی وخواتین پنجاب کی وائس چیئر پر سن فرزانہ رؤف و دیگرسے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔گور نر پنجاب نے کہا آر ایس ایس کی سوچ رکھنے والانر یندرمودی اور اس کی حکومت کی ظالمانہ پالیسوں کی وجہ سے بھارت اقلیتوں کیلئے غیر محفوظ ملک بن چکا ہے اور متنازعہ شہر یت قانون کے ذریعے بھی نر یندر مودی نے مسلمانوں کو نشانہ بنایا مگر آج کروڑ و ں بھارتی مسلمانوں کیساتھ ساتھ ہندواور دیگر مذاہب کے لوگ بھی نر یندرمودی کیخلاف آواز بلند کر رہے ہیں اور ہر گزرتے دن کیساتھ احتجاج میں تیزی آرہی ہے ۔بدقسمتی سے اقوام متحدہ سمیت کوئی بھی عالمی ادارہ اس کا نوٹس نہیں لے رہا۔ اگر دنیا نے نر یندر مودی کی ظالمانہ اور اقلیت دشمن پالیسیوں کو نہ روکا تو مزید مسائل جنم لیں گے اور اس کا ذمہ دار بھارت ہوگا۔