راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل بھی بارش اور خراب روشنی کی نذ ہوگیا،میچ ڈرا ہونے کے امکانات بڑھ گئے ، پورے دن میں صرف 5 اوورز اور 2 گیندیں ہی کرائی جاسکیں،سری لنکن ٹیم نے میچ کے تیسرے دن صرف 19 رنز بن سکے ۔ جمعہ کو راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ جاری ہے تاہم خراب روشنی اور موسم کے باعث میچ کا تیسرا روز بھی ضائع ہوگیا، تیسرے دن کا کھیل آوٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا، امپائرز نے ساڑھے بجے پچ اور گراؤنڈ کا معائنہ کیا جس کے بعد کھانے کے وقفہ کے بعد میچ شروع کر نے کا فیصلہ کیا گیا ۔میچ کے تیسرے دن سری لنکا نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو دھننجیا ڈی سلوا 72 رنز اور دلروان پریرا 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ۔ کھانے کے وقفے کے بعد میچ شروع ہوا تو دھننجیا ڈی سلوا اور دلروان پریرا نے ٹیم کے سکور کو 282رنز پر پہنچایا تاہم خراب روشنی کی وجہ سے میچ پھر روک دیا گیاجبکہ پورے دن میں صرف 5 اوورز اور 2 گیندیں ہی کرائی جاسکیں، سری لنکن ٹیم نے میچ کے تیسرے دن 19 رنز بنائے ،اب تک 3 دن میں صرف 91.5اوورز کرائے گئے ہیں جس کے بعد اس میچ کا نتیجہ آنا بعیدازقیاس ہی محسوس ہوتا ہے تاہم موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اب میچ ڈرا ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے دن کا کھیل بھی کم روشنی اور خراب موسم کے باعث وقت سے پہلے ہی ختم کردیا گیا تھا جب کہ دوسرے دن کھیل کا آغاز تاخیر سے ہوا، پھر بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا جب کہ پورے دن میں صرف 18 اوورز ہی کرائے گئے ۔پہلے دن سری لنکن ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے تھے جب کہ گزشتہ روز کھیل کے دوسرے دن آئی لینڈرز نے 263 رنز بنائے تھے اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے ۔