لاہور، نوکوٹ، سیالکوٹ ( اپنے رپورٹر سے ، نمائندہ 92 نیوز، ڈسٹرکٹ رپورٹر) لاہور اور دیگر شہروں سمیت پنجاب ، بالائی خیبر پی کے ، گلگت بلتستان، کشمیر میں جمعہ کے روز بھی بارش ہوئی، پنجاب میں لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان اور راولپنڈی میں بارش ہوئی، مالاکنڈ ، ہزارہ ، گلگت بلتستان ، کشمیر ، کوئٹہ ، ژوب ، خضدار، نگرپارکر ، ٹھٹھہ ، دادو میں بھی بارش ہوئی، مالام جبہ، مری، استور، اسکردو اور بگروٹ میں برفباری بھی ہوئی۔ آج ہفتہ کے روز شمالی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ، پنجاب اور بالائی سند ھ میں دھند کا امکان ہے ۔ لاہور میں موسم ابر آلود رہنے کے علاوہ وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا، آلو دگی کی شرح میں بھی کمی ہوئی ، گزشتہ روز ایئر کوالٹی انڈکس جیل روڈ پر 115اور واہگہ بارڈر پر 189ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں موسم سرد، جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے ۔ لاہور سٹی میں 6، حافظ آباد 24، قصور 20، منڈی بہاؤ الدین 17، سیالکوٹ سٹی 25، گوجرانوالہ 16 اور نارووال میں 53 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کم سے کم درجہ حرارت بگروٹ میں منفی 5 ، پاراچنار، گوپس میں منفی 4، سکردو میں منفی 3 اور مری میں منفی ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مغربی بارش کا سسٹم داخل ہونے سے سندھ میں تیز بارش متوقع ہیں ، 17 دسمبر تک بارش ہوسکتی اور سردی بھی بڑھ سکتی ہے ، سیالکوٹ میں موسلا دھار بارش کے باعث پرانی سبزی منڈی کے قریب ایک عمارت کی چھت گرنے سے شہری جاں بحق ہوگیا، نارووال کا 29 سالہ اکرم کمرے میں سو رہا تھا، چھت گر گئی اور وہ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگیا۔