لاہور،پشاور،پاراچنار(کرائم رپورٹر ،نامہ نگار، اپنے رپورٹر سے ،نیوز رپورٹر،نمائندہ 92نیوز، این این آئی) گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح کے وقت تیز ہوائوں کے بعد موسلا دھار بارشہوئی جس سے ہر طرف جھل تھل ایک ہو گیا ۔ با رش کے با عث رنگ محل کے علاقے میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،شدید بارش کے بعد نشیبی علاقے کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب گئے جبکہ شاہراہوں پر بھی پانی کھڑا ہونے سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہوتی رہیں جس کی وجہ سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی ۔ بارش کا سلسلہ تھمنے کے بعد واسا کا عملہ پانی کی نکاسی میں مصروف نظر آیا اور کئی مقامات سے ایک سے دو گھنٹے میں پانی کی نکاسی کر لی گئی ۔گوجرانوالہ، مریدکے شیخوپورہ اور دیگر شہروں میں بھی موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ ریلوے سٹیشن، اچھرہ، جی ون مارکیٹ اور نواز شریف چوک،مال روڈ،قینچی چونگی فیروز پور روڈ،ڈیوس چوک اور لاہور پریس کلب چوک میں پانی کھڑا رہا،جس پر سی ٹی او لاہور نے ڈویژنل افسران کو واسا انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی،ڈی ایس پیز خود چوکوں میں موجود رہتے ہوئے ٹریفک کو رواں دوان رکھتے رہے ۔ سب سے زیا دہ بارش لکشمی چوک میں 51ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اپر مال 41اور فرخ آباد میں 35ملی میٹر بارش ہوئی۔ دوسری جانب خیبر پختو نخوا کے مختلف اضلاع ملا کنڈ ،ہزارہ ،پشاور اور کوہا ٹ ڈویژن سمیت بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ پاراچنار میں تیز بار ش ہوئی اورپہاڑی مقامات پر ژالہ باری ہوئی۔ صوبہ بھرمیں پی ڈی ایم اے کی جانب سے تما م ضلعی انتظامیہ، ریسیکیو 1122اور متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، سیاحوں کو موسم کی پیشگی صورت حال سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔