لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی ، کوئٹہ (اپنے سٹاف رپورٹر سے ، لیڈی رپورٹر، نامہ نگار خصوصی ، سٹاف رپورٹر) اتوار کے روز لاہور سمیت مختلف شہروں میں ہلکی بارش ہوئی، بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں شدید بارشوں اور برفباری نے مواصلاتی نظام درہم برہم کر دیا ، چھتیں گرنے سے 8 افراد جاں بحق اور درجن بھر زخمی ہو گئے ، کوئٹہ میں بجلی طویل ترین بریک ڈاؤن ہوا، رہی سہی کسر گیس پریشر کی کمی اور انٹرنیٹ نظام کی خرابی نے پوری کر دی ہیں، کوئٹہ میں 2 فٹ برفباری ہوئی، کوئٹہ میں اتوار کی تمام پروازیں معطل کردی گئیں۔ ، ژوب ،بوستان جبکہ بلوچستان کے سات اضلاع میں شدید برفباری کے باعث ایمرجنسی نا فذ کردی گئی ، کوئٹہ ، پشین ، زیارت، قلعہ عبداللہ، کچھی ،مستونگ، ہرنائی کو قدرتی آفت سے متاثرہ اضلاع قرار دیکر ایمرجنسی نافذ کی گئی، پاک فوج اورایف سی نے ریسکیو آپریشن کا آغاز کردیا ، عارضی پناہ گاہیں قائم کرتے ہوئے مسافروں کو خوراک ،پانی اورچائے فراہم کی گئی۔ پشین کے علاقے چوکل میں کمرے کی چھت گرنے سے 2 بچیاں جان کی بازی ہار گئی۔ واشک میں ماشکیل کی ندی بگ میں پانی میں 20 افراد پھنس گئے ۔ ژوب میں شہاب زئی میں برفباری کے باعث مکان کی چھت گر گئی، چھت گرنے سے 6افراد جاں بحق اور 2زخمی ہوگئے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر کے روز دیر، سوات،کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مری اورگلیات، وادی نیلم، باغ ، حویلی ، راولاکوٹ، استور، وادی ہنزہ اور سکردو کے اضلاع میں شدید برفباری اور بارش کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے کا اندیشہ ہے ، لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی خدشہ ہے ۔ آج پیر کے روز خیبر پختونخواہ ، بالائی اوروسطی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پرجبکہ جنوبی پنجاب اور شمال مغربی بلوچستان میں چند مقامات پر بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے ، اتوار کو لاہور میں صبح کے اوقات میں ہلکی بارش بھی ہوئی، دیگر کئی شہروں میں بھی بارش ہوئی،لاہور میں پارہ 20 سے 7 سنٹی گریڈ رہا۔ بالائی علاقوں میں برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا، کوئٹہ کا زمینی رابطہ مختلف علاقوں سے کٹ گیا، خیبر پی کے میں چترل اور دیگر شہروں میں 3 فٹ تک برفباری ہوئی، لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ، دالبندین اور چاغی میں ندی نالوں میں طغیانی سے پاک ایران ریلوے ٹریک متاثر ہوگیا، کئی گاڑیوں میں مسافر پھنس گئے ۔